وہ زہر جو دل میں اُتار لیا۔۔۔گلِ نوخیز اختر
میں نے کہا ’’بھائی میرے ۔۔۔مالش کروانی ہے …..کسی کی ہتہیا نہیں کروانی‘‘
وہ بحث و تمہید کرنے لگا ….. ابھی ہماری گفتگو جاری ہی تھی کہ اچانک ایک طرف سے لمبے لمبے بالوں اور الجھی ہوئی داڑھی والا ایک ادھیڑ عمر آدمی تیزی سے لپکا اور قریب آکر بولا ….. ’’ صاحب جی مجھے حکم کریں ‘میں سوروپے میں مالش کردوں گا؟؟؟‘‘
میں نے غور سے اسکی طرف دیکھا ….. اس سے پہلے کہ میں اسے کوئی جواب دیتا …… پہلے والے مالشیئے نے جلدی سے کہا …..’’صاحب جی ! اس کی بات پر نہ جائیں جی یہ تو باؤلا ہے اور …..‘‘
مالشیئے کی بات ابھی ادھوری ہی تھی کہ دوسرے مالشیئے نے شیشیاں زمین پر رکھ کر اس کے منہ پر ایک زور دار تھپڑ جڑ دیا ….. ذرا سی دیر میں وہاں جنگ کا سماں پیدا ہو گیا ۔ اس روز مجھے پتا چلا کہ لڑنے والا’’ جانی باؤلا‘‘ ہے اور یہاں کا سب سے پرانا مالشیا ء ہے ۔تین چار جماعتیں پاس ہے اور اٹک اٹک کر اخبار وغیرہ پڑھ لیتا ہے۔ماں باپ‘ بہن بھائی اور رشتے داروں سے محروم ہے ‘ جہاں جگہ مل جائے سو جاتا ہے اور جو مل جائے کھا لیتا ہے لیکن لڑاکا بہت ہے‘ اس کی دو ہی خوبیاں مشہور ہے‘ پیار کرنے والوں پر جان دینا اور نفرت کرنے والوں کی جان عذاب میں ڈال دینا۔جانی باؤلا ایک عجیب و غریب شخصیت کا مالک ہے ۔ اگر کوئی اس سے مالش نہ کروائے تو یہ زبردستی پر اتر آتا ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ مالش اور پالش کے بغیر انسان انسان نہیں لگتا ۔ میں نے پوچھا …..’’ تم اپنی مالش کیوں نہیں کرتے ‘ اپنی پالش کیوں نہیں کرتے ….. ؟؟؟وہ غلیظ غلیظ دانت نکال کر ہنسنے لگا ….. ’’کھی کھی کھی کھی ….. میں کیوں کروں اپنی مالش ….. میں کوئی پاگل ہوں؟؟؟‘‘
’’اس کا مطلب ہے مالش کروانے والے پاگل ہوتے ہیں‘‘ میں نے اسے گھورا۔۔۔!!!
’’ہاںںںںںںں …..‘‘ اس نے لمبی سی ہاں کے ساتھ مجھے آنکھ ماری۔
میں نے کبھی اس شخص کو ٹینشن میں نہیں دیکھا ۔ عزت اور خودداری کا یہ عالم ہے کہ تین تین دن بھوکا رہ لے گا ….. مانگے کی روٹی نہیں کھائے گا۔ ایک دفعہ میں جیرے کے ہوٹل میں کھانا کھا رہا تھا ….. سڑک سے جانی گذرا ….. میں نے چونک کرآواز دی …..’’ جانی بھائی ….. آؤ کھانا کھا لو ….. !!!‘‘میری آواز سن کر وہ چونکا ….. پھر قریب آکر نقاہت کے باوجود دانت نکال کر بولا ….’’ نہیں پاء جی! ….. ابھی دو دن پہلے تو ڈٹ کے کھایا ہے …..‘‘ اور میری بے اختیار ہنسی نکل گئی۔۔۔میں نے بڑی کوشش کی کہ وہ میرے ساتھ بیٹھ کر ایک لقمہ ہی لگا لے‘ لیکن وہ بھی بڑا ڈھیٹ تھا‘ نہیں مانا۔ ہر دفعہ میرا بڑا دل چاہتا ہے کہ جانی کسی دن میرے ساتھ کھانا کھائے ….. لیکن نہ جانے کیوں وہ ہر دفعہ کنی کترا جاتا ہے ۔ جب اور کچھ نہیں بن پاتا تو میں جانی سے کہتا ہوں کہ میرے سر میں تیل ہی لگا دو ….. یہ بات جانی کے لیے قابل قبول ہوتی ہے لہذا وہ آسانی سے میرے سوروپے روپے قبول کر لیتا ہے ۔ ….. میں نے ایک دن اس سے پو چھا کہ لوگ تمہیں باؤلا کیوں کہتے ہیں ؟
دانت نکال کر بولا …..’’ بچپن میں مجھے ایک کتے نے کاٹ لیا تھا ….. بعد میں کتا مر گیا ….. !!!‘‘
’’کتا مر گیا؟؟؟….. یہ کیا بات ہوئی؟؟؟‘‘ میں حیران ہو گیا۔
اس نے مزیددانت نکالے ’’ ہاں جی ….. کتا مر گیا ….. اور میں باؤلا ہو گیا …..‘‘
’’لیکن تم تو بالکل ٹھیک ہو …..‘‘
’’نہیں جی ….. میں ٹھیک نہیں ہوں …. باؤلا ہوں ….. لوگ کہتے ہیں مجھ میں زہر آگیاہے ….. ہوٹل والے نے بھی میرے برتن الگ کیے ہوئے ہیں ….. صاحب! ….. آپ نے میرے ساتھ کھانا کھا لیا تو آپ بھی باؤلے ہو جائیں گے۔۔۔‘‘
’’یہ کیا بکواس ہے ….. انسان زہریلا نہیں ہو تا …..’’ میں نے اسے حوصلہ دیا۔
’’اچھا جی ….. ؟؟؟ ‘‘وہ مبہوت رہ گیا ….’’ تو کیا یہ سب جھوٹ کہتے ہیں ؟؟؟‘‘
’’ ہاں ….. جھوٹ کہتے ہیں‘‘ میں نے اس کے کندھے تھپتھپائے …..’’ بالکل جھوٹ کہتے ہیں ….. آؤ آج اکٹھے کھانا کھاتے ہیں …..‘‘
’’نن ….. نہیں ….. آ ….. آج ….. آج نہیں ۔۔۔‘‘ وہ پھر ڈر گیا۔۔۔!!!
’’کیوں ….. آج کیوں نہیں ….. ؟؟؟‘‘
’’بس ….. آج نہیں …..‘‘
’’بھئی کوئی وجہ تو ہوگی ناں؟؟؟‘‘ میں نے اصرار کیا۔۔۔!!!
’’آج ایک موت ہو گئی ہے ….. اس …. لیے ….. صاحب جی !جب کسی کی موت ہوتی ہے تو مجھ سے کھانا نہیں کھایا جاتا ‘‘۔اس نے دھیرے سے کہا اور چپ ہو گیا۔
’’موت؟؟؟ ….کس کی موت۔۔۔کون مرگیا ہے ….. ؟؟؟؟ میں پریشان ہوگیا۔
اس نے تھوڑی دیر سر نیچے رکھا ….. پھر اپنی بغل سے ایک مڑا تڑا اخبار نکالا ….. اسے کھولا اور میرے آگے کرتے ہوئے ایک تصویر پر انگلی رکھ دی۔ لکھا تھا ….. !!!
’’شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ ۔۔۔13بچے شہید ‘‘
میرا جسم یکدم سن ہو گیا ….. کچھ سوچنے سمجھنے کی تاب نہ رہی ….. ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہوگئے اور مجھے ایسا لگا جیسے میں بھی زہریلا ہو گیا ہوں!!!
0 comments:
Post a Comment