Test Footer 2

5 August 2012

غزوہ بدر: جب ایک معرکہ برپا ہوا۔

 غزوہ بدر: جب ایک معرکہ برپا ہوا۔ (فریال یاور)
٭....٭....٭
سولہ تاریخ کاپورا چاند آسمان پر روشن ہے جس کی چاندنی صحرا اورمیدانوں کو بھی روشن کیے ہوئے ہے ....اس کی روشنی میں یہ میدان بھی بالکل صاف نظرآرہاہے جہاں اللہ کے نیک بندوں کا ایک چھوٹا سا مجمع اس وقت موجودہے ، انہیں رات کی خاموشی اپنی طرف متوجہ کرتی ہے نہ چاندنی رات کاحسن ....اس وقت یہ نیک بندے عشاءکی نماز کے بعد نوافل اورذکرالٰہی میں مشغول ہیں ....کوئی بہت خوش الحانی کے ساتھ تلاوت کررہاہے تو کوئی ہچکیوں کے ساتھ دعاکررہاہے ....کوئی سجدے میں سررکھے گڑگڑارہاہے، غرض سب ایک اللہ کے آگے اپنی التجا اپنے اپنے انداز سے کررہے ہیں۔

 یہاں سے کچھ ہی دورکفار اپنے خیموں میں موجود ہیں ۔ ان کے خیموں کی اورہی صورتحال ہے ۔ بُھنے گوشت کی دعوت اڑائی جارہی ہے، شراب کے پیالے چھلکائے جارہے ہیں، قہقہے پہ قہقہے پڑرہے ہیں ، خاندانی بہادری کے قصے سنائے جارہے ہیں اورغرور وتکبر کے ساتھ بڑے بڑے دعوئے کیے جارہے ہیں ، ساتھ ہی بدتمیز نوجوان کاشوروغل ،جب پیٹ بھنے گوشت سے بھرگئے،شراب نے ہوش وحواس گم کردئیے اورسب شوروغل مچارکر تھک گئے تو خراٹے لینے لگے، آدھی سے زیادہ رات بیت چکی ہے مسلمانوں نے بھی جب نمازیں پڑھ لیں اوردعائیں مانگ چکے تو دل میں اللہ کی مدد کی امید رکھ کرسوگئے ۔ اب ہرطرف خاموش ہے اور اس خاموشی کوکوئی پرندہ بھی نہیں توڑتا۔
 ٭....٭....٭
کمان پوسٹ کے دروازے پر حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ پہرہ پر موجود ہیں اورکمان پوسٹ کے اندر سے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اللہ سے التجا کرنے کی آواز اس گہری خاموشی میں صاف سنائی دے رہی تھی:”اے اللہ ! یہ قریش کے لوگ اپنے غرور وتکبر کے ساتھ آئے ہیں تاکہ تیرے رسول کوجھوٹا ثابت کریں، خدا وند جس مدد کا تونے مجھ سے وعدہ کیاتھا اب وہ آجائے، اے اللہ! اگر تیری یہ مٹھی بھر جماعت ہلاک ہوگئی تو روئے زمین پر کہیں تیری عبادت نہ ہوگی، اے اللہ! کل ان لوگوں کاکام تمام کردے ۔ اے اللہ! اس امت کافرعون ابوجہل بچ کرنہ جائے۔“ یہ روحانی تذکرہ غزوہ بدرکاہے جسے قرآن میں ”یوم فرقان“( یعنی حق وباطل کے درمیان فرق کادن) فرمایاہے۔

پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اس دعاکو بہت خاص اہمیت حاصل ہے، یہ دعا اس والہانہ طریقے سے مانگی گئی کہ کندھے سے چادر گرپڑتی تھی اورریش مبارک آنسوﺅں سے لبریز ہوگئی پھراچانک پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم انتہائی خوشی کے عالم میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کومخاطب کرتے ہیں کہ:”اے ابو بکر ! خوشخبری سن لوکہ جبرائیل علیہ السلام ایک ہزار فرشتوں کے ساتھ آئے ہیں،اللہ کاوعدہ پوراہوگیا اوردعائیں قبول ہوگئی۔“

بدر مکہ معظمہ سے سو ، دوسو یا اسّی میل کے فاصلے پر ایک چھوٹا سا گاﺅں ہے مگریہاں حق وباطل کی اس جنگ نے اسے ہمیشہ کےلئے محترم بنادیا۔
 غزوہ بدر میں کفارکی فوج کی تعداد ایک ہزار یا اس سے کچھ زیادہ تھی ....ادھر مسلمانوں میں مہاجرین وانصار کو ملاکر کل تعداد تین سو تیرہ تھی اورصرف تین گھڑسوارتھے جب کہ باقی لوگ ستر اونٹوںپرباری باری سوارہوتے تھے، ساٹھ آدمیوںکے پاس زرہیں تھیں،اوراسلحہ بھی تھوڑاساتھاخودرسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اورحضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ باری باری ایک اونٹ پرسوار ہوتے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹوں کے گلے میں بندھی ہوئی گھنٹیاں بھی اتروادیں تھیں تاکہ سفر خاموشی سے طے ہو۔

یہ ماہ رمضان کی مبارک گھڑیاں تھیں اوراس سال روزے فرض ہوئے تھے اس لئے بعض صحابہ کرامؓ روزے سے تھے،پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے روزہ نہیں رکھاتھا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اعلان کروایا کہ روزہ داربھی روزہ کھول لیں کیونکہ دشمن سے مقابلہ کےلئے قوت کی ضرورت ہے۔

جب میدان بدر پہنچے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اونچی جگہ خیمہ لگانے کاارادہ کیالیکن ایک صحابی حضرت خباب بن المنذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی رائے پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خیمے اس جگہ لگائے ، جہاں بدرکے کنویں تھے تاکہ پانی پر کفار قبضہ نہ کرسکیں ....اس کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے میدان بدر کا ایک چکر لگایا اورایک نیزے سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میدان کے مختلف حصوں میں دائرے بنائے ، فرمایا :”یہاں ”ابو جہل “ قتل ہوگا، یہاں”عتبہ “ قتل ہوگا، یہاں ”شیبہ “ یہاں فلاں فلاں.... جنگ کے دن ان دائروں سے کوئی بھی ایک انچ اِدھر اُدھر قتل نہیں ہوا۔

دوسرے دن جنگ سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کی صف بندی کی اورلوگوں کوجنگ سے متعلق حکمت عملی سمجھائی ۔ جب صفیں درست ہورہی تھیں تو جب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک خوبصورت واقعہ پیش آیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا کہ حضرت سواربن غزیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ صف سے باہرنکلے ہوئے ہیں ....آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں ایک لکڑی تھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس لکڑی سے حضرت سوار رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پیٹ کو ہلکے سے ٹہوکا دیا اورصف کے اندر ہونے کو کہا ۔ حضرت سوار رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: ”اے اللہ کے رسول! اللہ تعالیٰ نے آ پ کو انصاف دیکر بھیجا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے تکلیف پہنچائی آپ مجھے اس کا بدلہ (قصاص) دیں، پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ لکڑی حضرت سوار رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو دی کہ وہ بدلہ لے لیں اورپیٹ پرسے کرتا اٹھادیا، حضرت سوار رضی اللہ تعالیٰ عنہ آگے بڑھے اورمحبت سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے شکم مبارک کوچوما اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم سے لپٹ گئے اورکہاکہ : ”میںنے چاہا کہ جانے سے پہلے آپ کوچومنا اورآپ کے جسم مبارک کو چھونا نصیب ہوجائے اس لیے میں نے اپنی خواہش پوری کرلی۔“

اس کے بعد جنگ اس طرح شروع ہوئی کہ پہلے تین بہادر کفار کی طرف سے باہرنکلے ۔ ”عقبہ بن ربیعہ “ اس کا بھائی ”شیبہ بن ربیعہ “ اورعتبہ کا بیٹا ”ولید بن عتبہ “ اورانہوںنے مقابلے کا اعلان کیا تو مسلمانوں میں سے تین بہادر معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اورحضرت معوذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ (حضرت عفرا رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے صاحبزادے) اورحضرت عبد اللہ بن رواحہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ مقابلے پر آئے، عتبہ نے تینوں سے ان کام نام اورخاندان پوچھا انہوںنے بتایاکہ وہ انصار مدینہ میں سے ہیں اس پر عتبہ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو پیغام دیاکہ اپنے خاندان والوں کو ہم سے مقابلے کےلئے بھیجو۔

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے خاندان میں حضرت عبیدہ بن حارث رضی اللہ تعالیٰ عنہ،حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن عبدالمطلب اورحضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن ابی طالب کو مقابلے کے لیے ، نام لیکر بھیجا۔ انہوںنے جاکر عتبہ کو اپنے نام ونسب بتایا تو ان کی تسلی ہوئی ....پھرمسلمانوں اورکفارکے ان تینوں بہادروں کا باہم مقابلہ ہوا حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اورحضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک جھپکتے میں اپنے دشمنوں کو ختم کردیا لیکن عتبہ اورحضرت عبیدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ دیرتک ایک دوسرے پر حملہ کرتے رہے اس دوران دونوں بری طرح زخمی ہوئے اورحضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ عتبہ کو قتل کیا اورحضرت عبیدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو زخمی حالت میں خیمے میں لے کرآئے جب کفارکے یہ تینوں سورما مارے گئے تو انہیں خوب غصہ آیا کیوںکہ یہ ان کے سب سے زیادہ بہادر لوگ تھے.... انہوںنے غصے میں آکرمسلمانوں پرحملہ کردیا اوراس طرح عام جنگ شروع ہوئی ....جس میں مسلمانوں نے بہت بہادری سے مقابلہ کیا اورفتح حاصل کیں اورپھرکئی ایسے عوامل بھی تھے جو مسلمانوں کی فتح میں اہم ثابت ہوئے۔ 

۱۔ ایک ہزار کالشکر اللہ نے مسلمانوں کو تھوڑا دیکھایا اورکفارکو تین سو تیرہ کا ممجع بڑا کرکے دیکھایا ....یوں تھوڑے سے لشکر کودیکھ کر مسلمانوں کا حوصلہ بلند رہا اوروہ بے خوف لڑے جبکہ کفارکا معاملہ اس کے برعکس ہوا۔ 
۲۔ اللہ نے مسلمانوں کی مدد فرشتوں کے ذریعے کی جیساکہ نبی کریمصلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ سے پہلے ایک ہزار فرشتوں کو حضرت جبرائیل کے ہمراہ آسمان سے اترتے دیکھا تھا۔ جنگ کافیصلہ ہوچکا کم سامان جنگ ہونے کے باوجود مسلمانوں کو فتح ہوئی اورغرور کے مارے کفارکوبری شکست ہوئی ....ان کے اشراف کی جڑیں کٹ چکی تھی کچھ قتل ہوئے کچھ قید ہوئے اوربعض نے بھاگ کرجان بچائی۔

جس طرح تاریخ میں غزوہ بدر کی اہمیت وعظمت ہے ، اسی طرح صحابہ کرام میں بدری صحابہ کو بھی فضلیت حاصل ہے اورساتھ ہی ان فرشتوں کو بھی جنہوںنے غزوہ بدر کے موقع پر جبرائیل کے ہمراہ جنگ میں حصہ لیا....عام فرشتوں پرفضلیت حاصل ہے۔ حضرت رافعرضی اللہ تعالیٰ عنہ بن خدیج فرماتے ہیں کہ حضرت جبرائیل، رسول اکرمصلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضرہوئے اورسوال فرمایا :”جو لوگ آپ میں سے جنگ بدر میں شریک ہوئے آپ کے نزدیک کس مرتبہ پرفائزہیں۔“ آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”وہ ہم میں بہترین درجہ کے حضرات ہیں۔“ تو حضرت جبرائیل نے فرمایا:”اسی طرح ہمارے ہاں بھی وہ فرشتے بہترین درجہ پرفائز ہیں (جوجنگ بدر میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم اورصحابہ کرام کی مددکرنے کےلئے نازل ہوئے تھے)(سنن ابن ماجہ،صحیح بخاری)۔

حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہفرماتے ہیں (جنگ بدر میں)نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلمکے داہنے میں حضرت جبرائیل ایک ہزار فرشتے لیکرنازل ہوئے اورحضرت مکائیل بھی ایک ہزار فرشتے لیکر نازل ہوئے اورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلمکے بائیں، حضر ت اسرافیل ایک ہزار فرشتے لیکرنازل ہوئے۔“ اسی طرح حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ جنگ بدرمیں فرشتوں کی علامت سفید پگڑیاں تھیں ، جن کا کنارہ انہوںنے اپنی پشتوں پرچھوڑ ہواتھا اوران کے گھوڑے سیاہ اورسفید نشان کے تھے اوران کی پشانیوں اوردموں پر اون تھی(ابن جریر) یہاں یہ بھی معلوم ہوتاہے کہ سب سے پہلے اون جنگ بدر میں پہنی گئی کیونکہ حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : ” اون پہناکروکیونکہ(جنگ بدر) میں فرشتوں نے اون پہنی ہے اوراسی طرح فرشتوں کی ضرب کانشان بھی علیحدہ پہچان رکھتا تھا ۔ فرشتے جب کسی کافرکو ضرب لگاتے وہ جلے ہوئے کانشان چھوڑتا(ابن جریر)۔ مسلمانوں نے اسی طرح ضرب کے ذریعے پہچانا کہ کس کافر کو فرشتے نے ہلاک کیاہے۔

 واقعہ بدر کی عظمت اوراس کا تذکرہ قرآن پاک کی سورة انفال میں بھی آیا ہے اورحق وباطل کی یہ لڑائی اس لحاظ سے بھی عظیم ہے کہ اس میں مسلمان صرف اپنے قوت ایمانی پرلڑے کہ جس نے ایک ہزار کے لشکر کو شکست دی اورمجاہدین کی قلیل تعداد اورکم سامان جنگ کے باوجود فتح عظیم حاصل ہوئی۔

آج جب لادین عناصر کھلم کھلا دشمنی پر اترآئے ہیں تو ہمیں اس تنگی اورعظیم امر سے سوائے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کے اورکوئی چیز نہیں نکال سکتی۔
 ”اے اللہ ! ہمارے سامنے حق کو ظاہر کراوراس کی اتباع کی توفیق عطا فرما اورباطل کو باطل ظاہر کراوراس سے بچنے کی توفیق عطا فرما۔ “ آمین

0 comments:

Post a Comment